02 اکتوبر ، 2013
لاہور…مسجد نبوی کے موذن امام الشیخ ایاد بن احمد عباس کا کہنا ہے کہ قرآن کا پیغامِ امن عام کرکے دہشت گردی پر قابو پایا جاسکتاہے، دعا ہے کہ اللہ پاکستان میں امن کی فضاء برقرار رکھے اور یہاں قرآن سے محبت مزید پھلے پھولے۔ ایوانِ اقبال لاہور میں جنگ گروپ اورقرآن کالج کے زیراہتمام حقیقت کانفرنس میں مسجد نبوی کے سابق امام الشیخ ڈاکٹر محمد ایوب المدنی نے قرآن پاک کی قرأت کی۔ اپنے خطاب میں مسجد نبوی کے موٴذن الشیخ ایاد بن احمد عباس کا کہنا تھاکہ وہ پاکستان آکر بہت خوش ہیں، دنیا میں باعزت مقام پانے کیلئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنا ہو گا۔ مسجد قباء کے امام الشیخ احمد بن علی بن عبدالرحمن الحدیفی نے کہا کہ مسلمان قرآن سے تعلق کو مزید مضبوط کریں۔ امام الشیخ احمد بن علی بن عبدالرحمن الحدیفی نے قرآن کالج کے پوزیشن ہولڈز طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ تقریب کے اختتام پر مسجد نبوی کے موٴذن الشیخ ایاد بن احمد عباس نے اذان ظہر دی۔