03 اکتوبر ، 2013
کراچی …پاکستان اسٹیل کو بیل آوٴٹ پیکیج کی دوسری قسط عید الاضحی سے پہلے ملنے کی توقع ہے، رقم سے خام مال خریدنے کے علاوہ ملازمین کو اگست کی تنخواہیں بھی ادا کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق بیل آوٴٹ پیکیج کی دوسری قسط کی مالیت 70 کروڑ روپے ہے۔ اس رقم میں سے 40 کروڑ روپے سے ملازمین کو اگست کی اجرتیں ادا کی جائیں گی جبکہ بقیہ 30 کروڑ روپے سے خام مال کی خریداری ہوگی۔ اسٹیل مل کو 2.9 ارب روپے کے بیل آوٴٹ پیکیج کی 1.5 ارب روپے کی پہلی قسط دی جاچکی ہے جس سے ملازمین کو جون اور جولائی کی تنخواہیں ادا کی گئی تھیں۔ پاکستان اسٹیل نے 10 ہزار ٹن کوک کی خریداری کا ٹینڈر بھی جاری کردیا ہے۔ کوئلے کو بھٹی میں ایک خاص طریقہ کار سے گرم کیے جانے پر کوک بنتا ہے جسے اسٹیل کی تیاری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔