21 مارچ ، 2012
کراچی… کراچی میں لیاری کے مختلف علاقوں میں سی آئی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ بر آمد کر لیا۔ ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ لیاری میں کچھ دن پہلے تک پولیس داخل ہونے سے قاصر تھی لیکن اب دن ہو یا رات پولیس مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوھدری اسلم کے مطابق نیا آباد اور دریا آبادمیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں جن میں تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ان کے قبضے سے دو کلاشنکوف اور متعدد گولیاں بھی بر آمد ہوئی ہیں۔ ملزمان کومزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ دو روز قبل بھی ان علاقوں میں سی آئی ڈی نے چھاپہ مار کارروائیاں کی اور تین نامور لوگوں کے جوئے کے اڈوں پر دھاوا بولا جس کے نتیجے میں تینوں اڈوں کو توڑ دیا گیا تھا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی جس کے بعد پولیس کی چھاپہ مار کارروائیوں کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا تھا۔