Time 21 فروری ، 2025
جرائم

پنڈی میں مظفر گڑھ کی رہائشی خاتون پر سابق شوہر نے تیزاب پھینک دیا

پنڈی میں مظفر گڑھ کی رہائشی خاتون پر سابق شوہر نے تیزاب پھینک دیا
متاثرہ خاتون نےسابق شوہرکےخلاف خلع کا کیس کررکھاہے، پولیس— فوٹو:فائل

راولپنڈی کے علاقہ چکری روڈ پر مظفر گڑھ کی رہائشی خاتون کو اس کے سابق شوہر نے تیزاب پھینک کر شدید زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا تعلق ضلع مظفر گڑھ کے علاقہ کوٹ ادو سے ہے، متاثرہ خاتون نے اپنے سابق شوہر سے خلع کا کیس کیا ہوا ہے۔

پولیس نے بتایاکہ متاثرہ خاتون اپنے والد کے ہمراہ خلع کے کیس میں پیشی کیلئے عدالت جارہی تھی تو اس کے سابق شوہر نے دو نامعلوم افراد کے ہمراہ خاتون اور اس کے والد پر حملہ کرکے تیزاب پھینکا جس سے خاتون اور اس کا والد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دونوں زخمیوں کو علاج کیلئے ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب تیزاب گردی کے واقعے پر سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے نوٹس لیکر ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات دیے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث متاثرہ خاتون کے سابق شوہر محمد ریاض کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، تیزاب گردی کا واقعہ ذاتی رنجش کا واقعہ ہے، ملزم کو عدالت سے قرار واقعی سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔

مزید خبریں :