21 مارچ ، 2012
اسلام آباد… میمو کمیشن نے حسین حقانی کو منصور اعجاز کی جانب سے فراہم کی گئی دستاویزات تسلیم یا رد کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آج رات دس بجے تک انہوں نے اس بارے آگاہ نہ کیا تو یہ سمجھا جائے گا کہ وہ ان دستاویزات کودرست تسلیم کرتے ہیں۔ حسین حقانی کومنصور اعجاز کی جانب سے کمیشن کو فراہم کی گئی دستاویزات قبول یا رد کرنے کے حوالے سے تین مواقع پہلے بھی دیے جا چکے ہیں اور اب آخری موقع دیا گیا ہے۔ میمو کمیشن کے اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق حسین حقانی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 26مارچ کی صبح 9 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کمیشن کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔کمیشن نے کہا ہے کہ حسین حقانی نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ عدالت کے طلب کرنے پر چار دن کے نوٹس پر پاکستان میں کمیشن کے سامنے پیش ہوجائیں گے۔کمیشن نے اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق کو ہدایت کی ہے کہ حسین حقانی کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔