کھیل
21 مارچ ، 2012

فائنل کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کرلی،مصباح الحق

 فائنل کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کرلی،مصباح الحق

ڈھاکا…پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ کے فائنل کیلئے ٹیم انتظامیہ سے مل کر مربوط حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ بدھ کو یہاں پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی عمدہ رہی ہے تاہم باؤلنگ اور فیلڈنگ میں موجود خامیوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے شعبے نے بھارت کیخلاف میچ میں حوصلے بلند کردئیے تاہم مڈل آرڈر میں ابھی تک خامیاں موجود ہیں جنہیں دور کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم عمدہ کارکردگی دکھاکر بارہ برس بعد ایشیاء کپ جیتنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ مصباح الحق نے کہا کہ فائنل کیلئے ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی تاہم حتمی فیصلہ میچ سے قبل وکٹ کی صورتحال کو دیکھ کر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوچ ڈیو واٹمور بہترین انداز میں ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں اور جدید انداز سے ہم آہنگی کے بعد ٹیم کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ وہاب ریاض باصلاحیت باؤلر ہے جس نے موہالی کے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تباہ کردیا تھا اگر ایک میچ میں اس نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی تو اس طرح تنقید نہ کی جائے کہ وہ دلبرداشتہ ہوجائے۔ مصباح الحق نے کہا کہ وہ فائنل سے قبل کوئی تنازعہ کھڑا نہیں کرنا چاہتے‘ لہٰذا سعید اجمل کے متعلق بھارتی ٹیم کے اعتراضات پر بات نہیں کریں گے اور اپنی تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :