07 اکتوبر ، 2013
اسلام آباد…فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین طارق باجوہ نے کہا کہ اسی مالی سال میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو ٹیکس کے دائرہ میں لایا جائے گاجس میں معروف گلوکار اور فنکار بھی شامل ہوں گے۔اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کااجلاس سینیٹر نسرین جلیل کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے بتایاکہ ملک میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا اور حالیہ نئے ٹیکس اقدام سے کوئی بھی چیز مہنگی ہونے کا سوال بھی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھاکہ بیلٹ سسٹم سے آڈٹ کا نظام متعارف کروایا گیا ہے، اسی مالی سال ایک لاکھ نئے لوگوں کو ٹیکس کے دائرہ میں داخل کیا جائے گا جس میں معروف گلوکارروں اور فنکارروں کو بھی ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا۔ طارق باجوہ نے کہا کہ ملک کی مغربی سرحدوں سے سمگلنگ ہورہی ہے، بجلی کے کمرشل ریٹس کے مختلف سلیب بنائے جائیں گے اور پہلے دو سلیب میں آنے والوں کو ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کسی بھی نئی ایمنسٹی اسکیم کو متعارف کروانے کا کوئی ارادہ نہیں۔