31 اکتوبر ، 2013
لندن…وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اغاز کردیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ آئین پاکستان کے تحت کامیاب ہوں گے۔وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے لندن میں برطانیہ کے نائب وزیراعظم نِک کلیگ نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوٴں نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ، وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات، معیشت ، توانائی کے شعبوں میں حکومتی ترجیحات اور بھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ، نوازشریف نے کہا کہ حکومت معصوم افراد اور سیکیورٹی اہل کاروں کی جانوں کا مزید ضیاع برداشت نہیں کرسکتی ، حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے قوانین کو موثر اور فورسز کو مضبوط بنارہی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کے ساتھ تنازعات کے حل اوربہتر تعلقات کے لئے مخلصانہ کوششیں شروع کی ہیں۔ بھارت پرالزام تراشی کی روایت ختم کی تاہم بدقسمتی سے بعض بھارتی سیاست دان پاکستان پر الزامات عائد کرنے میں مصروف ہیں جو افسوس ناک ہے۔