04 نومبر ، 2013
اسلام آباد…عبد الرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے پرویز مشرف کی درخواست ضمانت منظور کی۔ عدالت نے پرویز مشرف کو ایک ایک لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔اس سے قبل عدالت نے آج صبح درخواست ضمانت پر وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست ضمانت کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے کی۔آج سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے کہا کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کے مطابق ضمانت کی درخواست پر 5دن میں فیصلہ کرنا ضروری ہے۔ درخواست ضمانت پر سماعت 7مرتبہ ملتوی کی گئی ہے۔ معاملے کو لٹکانے کے بجائے فیصلہ کیا جائے اورجو فیصلہ بھی ہوا، اسے قبول کریں گے۔ مدعی ہارون رشید کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ ٹرائیل کیلئے ہائی کورٹ منتقل کرنے کی درخواست دے رکھی ہے۔ اس پر فیصلہ آنے تک معاملہ موٴخر کیا جائے۔ ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔