24 مارچ ، 2012
کراچی…وزیر داخلہ سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ لیاری پاکستان پیپلزپارٹی کا گڑھ تھا اور رہے گا۔کرمنل کا تعلق لیاری سے یا ناظم آباد سے ہو ہم ہر کے خلاف ایکشن لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 86، 87 سے مسلسل یہی سلسلہ چلتا آرہا ہے اور ہم پارٹیز کے اتحاد سے ہم اس پر قابو کرلیں گے۔یہ بات انہوں نے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں 13ویں ایگلیٹ کورسز اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی تیسری پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کا قیام قانون نافذ کرنیوالوں کا کام ہے۔ ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ مافیا اور دیگر جرائم پر قابو پانے کیلئے مجھے نتیجہ خیز کارروائی چاہیے۔شاہراہوں اور ٹریفک سگنلز پر ہونیوالے جرائم پر بھی سنجیدگی سے کام کرنا ہو گا۔منظور وسان کا کہنا تھا کہ رینجرز کو پولیس کے اختیارات دینے کا مقصد یہی ہے کہ امن و امان قائم کیا جائے۔ بھتہ مافیا کیخلاف حتمی آپریشن کیا جا رہا ہے۔ کچھ عناصر کراچی کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ منظور وسان کا کہنا تھا کہ ملیر بار کے سابق صدر کا قتل فرقہ وارانہ واردات ہے۔