07 نومبر ، 2013
اسلام آباد…قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹ آپریشن کے دوران اب تک 9ہزار افراد گرفتار ہوچکے ہیں،کراچی آپریشن کے ختم ہونے کی ٹائم لائن کا اعلان نہیں کر سکتا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن میں کامیابی میں ایم کیو ایم کا بڑا کردار ہے، تاہم کراچی آپریشن کے ختم ہونے کی ٹائم لائن کا اعلان نہیں کر سکتا، آپریشن کا وقت سالوں نہیں مہینوں پر مشتمل ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن کے تین مراحل ہیں، پہلا ختم ہوچکا،دوسرا مرحلہ چل رہا ہے، تیسرا شدید ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور اہداف سے کافی آگے ہیں، حالات بہتر بنانے میں انٹیلی جنس اداروں نے بنیادی کردار ادا کیا۔