10 نومبر ، 2013
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹر اطلاعات سینٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے امیر نے دہشتگردوں کو شہید اور پاک فوج کے افسر وجوانوں اور معصوم عوام کے بارے میں توہین آمیز بیان جاری کرکے ملک سے غداری کی ہے۔ لہذاانکے خلاف غداری کا مقدمہ بنایا جائے ، اس جماعت پر پابندی لگائی جائے،انھوں نے سپریم کورٹ سے بھی اپیل کی کہ وہ اس کا سوموٹو نوٹس لء اور کارروائی کرے۔سینٹر زاہد خان نے کہا کہ اس جماعت کا پورا ماضی اسی طرح کے کارناموں سے مرصع ہے، بنگلہ دیش میں بھی انھوں نے یہی کچھ کیا جس کے نتیجے میں آج انھیں وہاں پر پھانسی کی سزائیں مل رہی ہیں۔منور حسن نے وطن کے شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے انکے خلاف حکومت کو کارروائی کرنا چاہیے۔دریں اثناء دفاعی تجزیہ کار ریٹارئرڈ ائیرمارشل شہزاد چوہدری نے بھی منورحسن کے بیا ن کو افسوسناک قرار دیا ہے اور کہا کہ انھیں ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا،پاک فوج کے جوان اور افسران اس ملک اور قوم کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں،انکی جگہ دہشتگردوں کو شہید کہنا ہے توہین آمیز ہے، انھیں چاہیے کہ وہ اسکی وضاحت کریں۔علاوہ ازیں دیگر سیاسی اور ودفاعی تجزیہ کاروں نے بھی سید منور حسن کے بیان کو افسوسناک اور قومی مفاد کے خلاف قراردیا ہے۔