12 نومبر ، 2013
اسلام آباد…جمشید دستی کا چیف جسٹس آف پاکستان کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں دو سال کی توسیع کرنے کا آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش نہ ہو سکا۔ ایوان نے کثرت رائے سے بل پیش کرنے کی تحریک مسترد کر دی۔ آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے آئینی ترمیم بل میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال سے بڑھا کر 67 سال کی جائے۔ عدلیہ نے ملک میں تاریخی کام کیے ، آزاد عدلیہ نے ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط بنایا،اس لیے اسے مزید کام کا موقع دیا جائے۔حکومت نے چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کی مخالفت کر دی جس کے بعد ایوان نے رائے شماری کے بعد بل پیش کرنے کی تحریک کثرت رائے سے مسترد کر دی ۔ دوسری طرف ڈاکٹر شیریں مزاری نے عالمی معاہدوں کی توسیع کا بل جبکہ ایم کیو ایم کے رکن سلمان بلوچ نے فوجداری ترمیمی بل 2013 پیش کیا،دونوں بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بجھوا دیے گئے۔