22 نومبر ، 2013
کراچی…وفاق المدارس العربیہ نے آج یوم احتجاج منانے کا اعلان کیاہے جس کے بعد کراچی کے علاقے گورومندر کے اطراف واٹرٹینکررکھ کرسڑکیں بندکردی گئیں، شہرمیں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پربھی پابندی لگادی گئی ہے۔سانحہ راولپنڈی کیخلاف احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں، گرومندرکے اطراف میں سڑکیں ٹینکرزکھڑے کرکے بندکردی گئیں، لیاقت آباد اور جیل روڈ سے گرومندرجانے والی سڑک ٹینکرز رکھ کر ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے تاہم لسبیلہ سے گرومندر جانے والی سڑک ٹریفک کیلئے کھلی ہوئی ہے، کوریڈور تھری ہرقسم کی ٹریفک کیلئے کھلاہے، انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کامتبادل پلان جاری نہیں کیاگیا۔ سانحہ راول پنڈی کے خلاف وفاق المدارس العربیہ نے آج یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے ،جس کے بعد جڑواں شہروں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور راولپنڈی میں نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے، سانحہ راول پنڈی کے خلاف مظاہروں کی وجہ سے اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔وفاقی پولیس کی جانب سے ریڈ زون کے اطراف کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لئے 1700 پولیس اہلکار ہوں گے اور رینجرز معاونت کریں گے جبکہ آرمی کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گااور دفاع پاکستان کونسل،پاکستان علما کونسل اورتاجر تنظیموں نے بھی پرامن احتجاج کی حمایت کا اعلان کیاہے۔ متاثرہ مسجد و مدرسہ تعلیم القرآن کے مہتمم مولانا اشرف علی نے بھی اپیل کی ہے کہ آج احتجاج پر امن رکھا جائے ۔ اسلام آباد میں لال مسجد سے نیشنل پریس کلب تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔پنڈی میں احتجاج کے سبب شہرکے اسکول آج بندرہیں گے اوراحتجاجی جلوسوں کے سبب گوجرانوالہ اورفیصل آبادمیں بھی نجی اورسرکاری تعلیمی ادارے آج بندکردیے گئے ہیں۔حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ امن وامان قائم رکھنے کے لیے پولیس کے علاوہ رینجرز اور فوج کے جوان بھی خدمات سرانجام دیں گے۔