22 نومبر ، 2013
اسلام آباد… چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ پولیس اہل ہوتی تو کبھی راولپنڈی میں ایسا واقعہ نہ ہوتا۔ایک پولیس افسر دہشت گرد کو پکڑنے جیمز بانڈ کی طرح اٹک چلا گیا۔10 محرم کو سی پی او راولپنڈی کہاں تھے؟ آر پی او جیمز بانڈ کی طرح ہیلی کاپٹر میں گھوم رہے تھے۔یہ ریمارکس تھے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے ، جو انھوں نے لاپتہ وکیل کیس کی سماعت کے دوران دیے۔چیف جسٹس نے کہا کہ راولپنڈی میں کبھی ایسا واقعہ نہیں ہوا، ایک پولیس افسر دہشت گرد کو پکڑنے جیمز بانڈ کی طرح اٹک چلا گیا، کچھ پولیس افسران واقعہ کے وقت ایمبولینس میں چھپ کر بھاگ گئے تھے، پولیس اہل ہوتی تو کبھی ایسا واقعہ نہ ہوتا،چیف جسٹس نے کہا کہ اگر پہلی والی حکومت کی پالیسی ہی چلنی ہے تو فرق کیا ہوا، حکومت تبدیل ہوئی، اس کی پالیسی ہونی چاہیے کہ کریمنل کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو، جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ ملک میں بے امنی کی اور بھی وجوہات ہوں گی لیکن ایک وجہ قانون کی حکمرانی کو یقینی نہ بنانا ہے۔