26 نومبر ، 2013
کراچی… محمد رفیق مانگٹ… چین کا سپر سانک کروز میزائل طیارہ بردار جہازوں کی تباہی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل پاکستانی جے ایف17تھنڈر سے بھارتی طیارہ بردار جہازوں کو تباہ کر سکتا ہے۔ روس کی ایک فوجی امور کی تجزیاتی ویب سائٹ کے مطابق چین کی ایوی ایشن انڈسٹری کا تیار کردہ سپر سانک کروز میزائلCM-400AKG جس کا ایکسپورٹ ورژن اینٹی شپ میزائلYJ-12 ہے اسے بھارت کے خلاف طیارہ بردار جہاز کو تباہ کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ میں اندرونی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کردہ جے ایف 17تھنڈر کے لئے یہ میزائل بنایا گیا۔ بھارتی نیوی کے پاس اس وقت دو طیارہ بردار جہاز ہیں جو روسی اور برطانوی ساختہ ہیں۔ جب کہ دو ملکی ساختہ طیارہ بردار تعمیری مراحل میں ہیں۔ بحر ہند میں بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے چین اور پاکستان دونوں کے لئے یہ میزائل اہمیت کے حامل ہیں ۔گزشتہ برس چینی شہر ژوہائی کے ائیر شو میں پہلی بار اس میزائل کا مظاہرہ کیا گیا، وائی جے12 کی تیاری میں کئی اہداف سامنے رکھے گئے جن میں 500کلومیٹر رینج تک امریکی طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنانا بھی شامل تھا۔ اسے ایچ6،جے ایچ7بمبار، جے 11بی،جے15،جے16 اور ایس یو 30ایم کے لڑاکا طیاروں اور052ڈی ڈسٹرائر کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔بین الاقوامی میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول تنظیم کی طرف سے عائد برآمد پابندیوں کی وجہ سے اس میزائل کی رینج کو 250کلومیٹر تک کم کیا گیا۔یہ میزائل ائیر کرافٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے جب وہ 750سے800کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے محو پرواز ہو۔ر پورٹ میں کہا گیا کہ چینی سپرسونک کروز میزائل کی رفتار 3.5سے4 مچ کے درمیان ہے۔یہ دھماکہ خیز مواد اور فولادتوڑ ایٹمی وار ہیڈز سے لیس ہوتا ہے۔