پاکستان
28 نومبر ، 2013

مذہب و زبان سے پیاری کوئی شے نہیں ہوتی، سید قائم علی شاہ

مذہب و زبان سے پیاری کوئی شے نہیں ہوتی، سید قائم علی شاہ

کراچی…اختر علی اختر…وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مذہب و زبان سے پیاری کوئی شے نہیں ہوتی۔صوفی ازم کے پیغام کو پھیلانے کی اشد ضرورت ہے، ہمیں صرف الله سے ڈرنا چااور بلاخوف و خطر اظہار خیال کرنا چاہئے۔قلم کی نوک ٹینکوں اور کلاشنکوفوں کے خلاف زیادہ موثر ہتھیار ثابت ہو سکتی ہے۔ وہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں چھٹی عالمی اردو کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک کوامن و امان کا مسئلہ درپیش ہے، ایسے میں اس طرح کی محفلیں وادیب و شعراء اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔مایوسی کی فضاء سے ادیب و دانش ور ہی ہمیں باہر نکال سکتے ہیں ۔دہشت گرد جو کرائم کرتے ہیں ان پرقلم اٹھایا جائے تو اس سے دہشت گردوں کی حوصلہ شکنی ہوگی، اخباری خبروں سے لوگوں میں مایوسی و خوف پیدا ہوتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کراچی کو دہشت گردی کی وار داتوں سے نجات دلائیں، اس کے اثرات پورے ملک پر پڑیں گے۔ادیبوں اور مفکروں کا یہ تعاون ملک و عوام کے مفاد میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نہ تو میں ادیب ہوں اور نہ شاعر البتہ تین زبانیں اردو، سندھی اور انگریزی جانتا ہوں۔اس لئے پڑھے لکھوں کی اس محفل میں آکر خوشی محسوس کررہا ہوں، تھوڑے ہی عر صے میں آرٹس کونسل نے تمام زبانوں کو اکٹھاکر لیا ۔قلم کی تیزی سے انکار نہیں کیا جاسکتا،علامہ اقبال ، شا ہ عبدالطیف بھٹائی اور سچل سرمست نے کئی زبانوں میں امن و آشتی کا آفاقی پیغام عام لوگوں تک پہنچایا ۔انہوں نے آرٹس کونسل کے لیے ایک کروڑ روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا کراچی کے نامساعد حالات میں ہم نے ثقافتی سرگرمیوں کو جاری رکھا ہوا ہے۔ہم جہالت کے خلاف اور حق و باطل کی جنگ لڑر ہے ہیں۔ہمارا نام باقی نہ رہے،مگر ہمارا کام باقی ضرور رہے گا۔ہماری کانفرنسوں میں اب تک حکمراں طبقہ کو نہیں بلایا گیا پہلی مرتبہ اس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو مدعو کرکے یہ ادبی اعزاز دیا گیا، اردو کا کسی زبان سے کوئی جھگڑا نہیں ، کانفرنس میں تمام زبانوں کے اکابرین کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس موقع پر بھارت سے آئے ہوئے معروف دانشور و ادیب پروفیسر شمیم حنفی اورانتظار حسین نے کلیدی خطبات پیش کئے۔ آخر میں آرٹس کونسل کے اعزازی سیکریٹری پروفیسر اعجاز فاروقی نے شکریہ اداکیا۔ اس موقع ڈاکٹر اسلم فرخی،سیتا پال،کشور ناہید،امر جلیل،عبداللہ حسین،ڈاکٹر پیرزادہ قاسم،محمود احمد خان،سحر انصاری،مسعود اشعر، امینہ سید،ڈاکٹر ہما میر، رضا علی عابدی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :