29 نومبر ، 2013
لاہور… لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے لاء کالج کے دو اساتذہ کو کمروں میں بند کردیا، یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ واقعے کا نوٹس لیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ کا کہنا ہے کہ اساتذہ نے جمعیت کے علاقہ ناظم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔پنجاب یونیوسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی کے صدر احسان شریف نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ چند غنڈہ عناصر نے لاء کالج کے دو اساتذہ نعیم اللہ اور عمران عالم کو کمرے میں بند کردیا ، ہنگامہ آرائی اورفائرنگ کی ،وائس چانسلر نے موقع پر آکر اساتذہ کو رہائی دلائی ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ تدریسی ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے غنڈہ عناصر کے خلاف آپریشن کیا جائے۔ لاء کالج کے اساتذہ عمران عالم اورنعیم اللہ کا کہنا تھاکہ انہوں نے میرٹ پر داخلے دیئے اور کمرے الاٹ کیے ، طلبہ نے سنگین نتائج کی دھمکی دی۔اسلامی جمعیت طلبہ نے بھی واقعے پر احتجاج کرتے ہوئے کینال روڈ پر ٹریفک بلاک کردی۔ جمعیت کے ناظم عبدالمقیت کا کہنا تھا کہ ان اساتذہ نے جمعیت کے علاقہ ناظم حافظ واجد کو تشدد کا نشانہ بنایا، انکے خلاف پولیس کو درخواست دیدی ہے ۔