01 دسمبر ، 2013
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ پارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء اور سابق سٹی ناظم سینٹر مصطفی کمال نجی مصروفیات کے باعث کئی ماہ سے بیرون ملک مقیم ہیں،متحدہ قومی موومنٹ اور مصطفی کمال کے درمیان اختلافات کی خبریں بے بنیا د ہیں،انھوں نے کاروبار ی مصروفیات کی وجہ سے تحریکی سرگرمیوں سے رخصت لی تھی۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ہم دعاگوہیں کہ مصطفیٰ کمال جن نجی مسائل کاشکارہیں انکاجلدازجلدخاتمہ ہو۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ بیرون ملک روانگی سے قبل مصطفی کمال نے قیادت کومطلع کردیاتھا۔قائد تحریک الطاف حسین،رابطہ کمیٹی اورکارکنان ،سینٹر مصطفیٰ کمال کیلیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔مصطفی کمال نے نجی مصروفیات کے باعث نومبرمیں سینیٹ کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیا تھا،تاہم پارٹی قیادت نے سینیٹ رکینت سے مستعفی ہونے کے معاملے پرفیصلہ منظورنہیں کیا تھا۔دریں اثناء جیو نیوز کراچی کے بیور و چیف فیصل عزیز خان نے کہا کہ مصطفی کمال تنزانیہ سے تعلق رکھنے والی اپنی اہلیہ کے ہمراہ تنزانیہ شفٹ ہوگئے تھے اور وہ کچھ روز قبل ہی دبئی پہنچے تھے اور وہاں انھوں نے پاکستان کی ایک نجی تعمیراتی کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی ہے۔علاوہ ازیں لند ن سے جیو نیوز کے رپورٹر مرتضیٰ علی شاہ نے بتایا کہ سینٹر مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کے ایم کیو ایم کی کراچی میں مقیم قیادت سے اختلافات ہوگئے تھے،جس کے بعد انیس قائم خانی دبئی اور ملائیشیا میں جاکر مقیم ہوگئے ہیں، جبکہ مصطفی کمال دبئی چلے گئے ۔انھوں نے مزید کہا کہ ان دونوں رہنماؤں کے مئی کے عام انتخابات کے بعد آنے والی ایم کیو ایم کی نئی قیادت جس میں بالخصوص ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور عامر خان شامل ہیں سے اختلافات ہوگئے تھے،جس پر یہ ناراض ہوکر بیرون ملک چلے گئے ہیں۔