پاکستان
05 دسمبر ، 2013

بلوچستان میں انتخابی سرگرمیاں آخری مراحل میں داخل

بلوچستان میں انتخابی سرگرمیاں آخری مراحل میں داخل

کوئٹہ…بلوچستان میں انتخابی سرگرمیاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں اور الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں اور سامان کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا ہے، بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹرز کی کل تعداد تقریبا 32لاکھ ہے۔ جو 18ہزار امیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے، اس مقصد کے لئے 60لاکھ بیلٹ پیپرز چھپوائے گئے ہیں، صوبے میں ضلع کونسل، یونین کونسل اور میونسپل کمیٹیوں پر مشتمل کل 7188 انتخابی حلقے ہیں ، ان میں سے ضلع کونسل کے 634،یونین کونسلوں پر مشتمل 5497اورمیونسپل کمیٹیوں کے1057حلقے ہیں۔ ان تمام میں 2527پر امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار دئیے جاچکے ہیں اور 4168 پر سات دسمبر کو انتخابات ہوں گے جبکہ 513خالی ہیں جن پر کسی امیدوار نے کاغذات ہی جمع نہیں کرائے تھے،انتخابات میں مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق، پیپلز پارٹی، نیشنل پارٹی، پشتونخوامیپ، بی این پی مینگل، بی این پی عوامی، اے این پی ، جے یو آئی فضل الرحمان، جے یو آئی نظریاتی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں، متعدد جماعتوں نے مل کر آل پارٹیز ڈیموکریٹک الائنس تشکیل دیاہے،جبکہ جمہوری وطن پارٹی اور حق نا توار نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے،سکیورٹی مقاصد کیلئے صوبہ بھر میں ایف سی، پولیس اور لیویزفورس کے تقریبا 50ہزار اہلکار الیکشن ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور فوج کے 5300 اہلکار کوئیک ریسپانس فورس کے طور پرموجود رہیں گے،جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس حوالے سے صوبے کے نو اضلاع کو حساس قرار دیاگیاہے۔

مزید خبریں :