پاکستان
10 دسمبر ، 2013

ملک میں شفاف انتخابات کیلئے مظاہرے کرتے رہیں گے،عمران خان

ملک میں شفاف انتخابات کیلئے مظاہرے کرتے رہیں گے،عمران خان

لاہور…تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں شفاف انتخابات کے لیے مظاہرے کرتے رہیں گے، چار حلقوں کی مکمل تحقیقات ہوں گی تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ 7ماہ گزر گئے اب تک چار حلقوں پر انگوٹھوں کے نشانات سے ووٹوں کی تصدیق کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن ٹریبونل کارروائی کیلئے آگے بڑھتے ہیں تو حکومتی جماعت ان کے خلاف اسٹے آرڈر لے آتی ہے۔ ڈرون حملوں اور امریکی امداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع کے بیان میں بھی پاکستانیوں کے ایک سبق ہے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں بہت بڑی دھاندلی ہوئی ہے،کراچی میں ان کے قومی اسمبلی کے امیدوار زبیر خان کے پاس 70ہزار ووٹوں کی تصدیق کے پیسے تھے۔عمران خان نے کہا کہ ان میں سے صرف 50 ہزار ووٹوں کی تصدیق ہوسکی ۔ان کا کہنا تھا کہ بقیہ 25ہزار غیر تصدیق شدہ ووٹوں میں سے 60 فیصد جعلی تھے، الیکشن میں بہت بڑی دھاندلی ہوئی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے الیکشن کرانے کا کیا فائدہ ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ووٹوں کی تصدیق نہ کرانے والوں کا احتساب ہوگا، ڈی سی او میانوالی کا خوشاب تبادلہ کردیا گیا، ڈی سی او کا تبادلہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کیلئے کیا گیا، ملکی جمہوریت تباہ کرنے میں کس کا کردار تھا۔ عمران خان نے بتایا کہ ہم خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک سسٹم لارہے ہیں، سندھ اور پنجاب میں بائیو میٹرک سسٹم کیوں نہیں لایا جارہا، پاکستان میں صاف اور شفاف الیکشن کیلئے بہت بڑامظاہرہ کریں گے، شفاف انتخابات کیلئے ملک بھرمیں مظاہرے کرتے رہیں گے، حلقوں کی مکمل تحقیقات ہوگی تو دودھ کا دوھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔

مزید خبریں :