11 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…جیونیوز کے چیف جسٹس کی فل کورٹ کی کوریج کرنے پر کچھ میڈیا گروپس کی جانب سے جیو نیوز کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔اس بلاجواز تنقید پر سینئر صحافیوں اور معروف اینکر پرسنز نے افسو س اور حیرت کا اظہار کیا ہے ۔ اس حوالے سے جیو نیوز کے مقبول پروگرام ”کیپیٹل ٹاک“ کے میزبان حامد میر کا کہنا ہے کہ جو لوگ ایکسکلیوزیوخبر حاصل نہیں کرسکے وہ تنقید کر رہے ہیں، اگر مستقبل میں کسی سیاستدان کا پہلے انٹرویو کیا تو کیا دیگر چینلز ان کا بائیکاٹ کردیں گے۔ حامد میر کا مزید کہنا تھا کہ ایکسکلیوزو کوریج کیلئے باقاعدہ پلاننگ کی جاتی ہے، ٹی وی چینلز کے ذمے داران پلان کرتے ہیں کہ خبرکی ساتھ ویڈیو بھی حاصل کی جائے، جیو نیوز پر تنقید بلا جواز ہے، وکلا رہنما پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقابلے کا دور ہے، دیگر لوگ چائے پینے کے بجائے فوٹیج لینے کی کوشش کرتے ہیں، جیو نیوز پاکستان کا نمبرون چینل ہے اس لیے اس پر تنقید کی جاتی ہے۔ جو لوگ ایکسکلیوزو خبر حاصل نہیں کرسکے وہ تنقید کررہے ہیں۔