دنیا
13 دسمبر ، 2013

ٹیکساس: انسانی آزادیاں صحتمند معاشرے کیلئے ضروری ہیں،لان برنم

ٹیکساس: انسانی آزادیاں صحتمند معاشرے کیلئے ضروری ہیں،لان برنم

ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… ریاست ٹیکساس کے نمائندہ لان برنم نے کہا ہے کہ ڈیلس پیس سینٹر انسانی حقوق کی سربلندی اور بنیادی حقوق سے متعلق مسائل کیلئے آواز بلند کرنے اور مسائل کو حل کرانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، یہ بات انہوں نے ڈیلس کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ انسانی حقوق کی علمبردار تنظیم ڈیلس پیس سینٹر کی جانب سے منعقدہ 27 ویں سالانہ پیس میکر ایوارڈ ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ انسانی آزادیاں ایک صحتمند معاشرے کیلئے انتہائی ضروری ہیں اور ہم سب پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ اس کیلئے اپنے طور پر کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ خراب موسم کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا اس تقریب میں شرکت کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آپ لوگ انسانیت کا کتنا درد رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں افریقا کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کو بھی زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں ڈیلس پیس سینٹر کی ڈائریکٹر کیلی اوباچی‘ ڈیلس پیس سینٹر کے رہنماء حادی جواد‘ یونیورسٹی آف صدرن میتھڈس (SMV) کے شعبہ انسانی حقوق کے ڈائریکٹر رک ہیلپرن‘ جان فل نروائیڈر‘ ہوزے اینجل گسترازا‘ ہوسیل ہک مین‘ سارا موکیرا اور چارلس اسٹول نے بھی خطاب کیا جبکہ لیسن ایلیز اور ایکوبے اوبازی نے انسانیت پر گانا پیش کیا۔ اس موقع پر 4 بڑے ایوارڈ مختلف شخصیات اور تنظیموں کو دئیے گئے جن میں پیس میکر آف دی ایئر کا ایوارڈ تیزلی ہیرس‘ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ایوامیک میلن‘ میڈیا پرسن آف دی ایئر کا ایوارڈ ڈیلس مارننگ نیوز کی صحافی ڈایان سولس اور آرگنائزیشن آف دی ایئر کا ایوارڈ ڈیلس ریذیڈنٹ ایسٹ رکس کو دیا گیا جو کہ ای ڈی میر نے وصول کیا۔ اس موقع پر ڈیلس پیس سیکٹر کی جانب سے جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیا اور جواینجلس گوئزرا‘ بانی یونیورسٹی آف آرلنگٹن سینٹر فار میکسیکن اسٹڈی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ایوارڈ وصول کرنے والی خاتون رہنماء لیزلی ہیرس نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ میں ایک ایسی تنظیم سے وابستہ ہوں جو کہ انسانی حقوق کیلئے کام کرتی ہے جس کی وجہ سے میری زندگی تبدیل ہو گئی ہے۔ ایوارڈ یافتہ 92 سالہ خاتون ایوامک میلن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ان کی عمر 92 برس ہے وہ 20 برس کی عمر سے انسانی حقوق کیلئے کام کر رہی ہیں انہوں نے کہاکہ انہوں نے ڈیلس کے شہریوں میں ووٹ کی اہمیت کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافی ڈایان سولس نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بحیثیت صحافی انہوں نے اپنے قلم کے ذریعے انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف تحریریں اخبارات میں شائع کیں انہوں نے کہاکہ ان کی اسٹوری پر 12 سالہ بچے کی ہلاکت کے واقعہ پر میئر ڈیلس نے معذرت کی جو کہ پولیس کی گولی سے ہلاک ہو گیا تھا۔ آرگنائزیشن آف دی ایئر کا ایوارڈ وصول کرنے والے ای ذی میئر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کی آرگنائزیشن 190 کے قریب ذیلی تنظیموں کے تعاون سے ماحولیاتی آلودگی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اس موقع پر ڈیلس پیس سینٹر کی 32 سالہ کارکردگی پر سلائیڈز کے ذریعے حاضرین کو آگاہی فراہم کی گئی جبکہ تقریب میں دیگر تنظیموں نے بھی حصہ لیا جن میں مسلم سینٹر آف ہیومن سروسز اور مسلم ڈیموکریٹک کاکس قابل ذکر ہیں تنظیموں کے رہنماؤں سید فیاض حسن‘ ڈاکٹر بشیر احمد‘ آفتاب صدیقی‘ راجہ زاہد خانزادہ‘ امیر مکھانی‘ ڈاکٹر قیصر عباس نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے آخر میں امن کیلئے کوشاں میوزیکل گروپ نے اپنے فن سے حاضرین کو محظوظ کیا اور ایمی موکیز وسکی‘ کی ٹیم نے اپنے بھرپور فن کا مظاہرہ کیا جس پر پیس کے علمبرداروں نے ڈانس بھی کیا۔

مزید خبریں :