13 دسمبر ، 2013
کراچی…جماعت اسلامی بنگلا دیش کے رہنما عبدالقادر ملا کی پھانسی کے خلاف کراچی میں جماعت اسلامی کا احتجاجی مارچ اور مظاہرہ کیا گیا۔ جماعت اسلامی بنگلا دیش کے رہنما عبدالقادر ملا کی پھانسی کے خلاف یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد سے حسن اسکوائر تک احتجاجی مارچ کیا گیا۔ احتجاجی مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کا کہنا تھاکہ عوامی رد عمل سے خوفزدہ بنگلا دیشی حکومت نے نماز جنازہ میں شرکت سے بھی عوام کو روک دیا جو قابل مذمت ہے۔امریکی ڈالر لے کر اپنے ہی عوام پر ڈرون حملے کرانے والے حکمرانوں کے منہ آج کیوں بند ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھاکہ حسینہ واجد نے 1971ء کی جنگ میں پاکستانی فوج کا ساتھ دینے پر سزا دے کر نواز شریف، آرمی چیف اور پاکستانی وزارت خارجہ کے منہ پر تھپڑ مارا ہے۔ بعد ازاں مارچ کے شرکاء نے جماعت اسلامی بنگلا دیش کے رہنما عبدالقادر ملا کی غائبانہ نماز جنازہ حسن اسکوائر کے قریب ادا کی۔