13 دسمبر ، 2013
پشاور…خیبر پختونخوا کے ڈاکٹروں نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ عنقریب ڈاکٹروں کے اغواء کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے گا۔پشاور میں ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو ڈاکٹر امجد تقویم اور ڈاکٹر مجاہد بنگش کے اغواء سے ڈاکٹر برادری میں پیدا ہونے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔ اور ڈاکٹروں کی سیکورٹی کے لیے اپنے مطالبات پیش کیے۔ جس کی روشنی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایس ایچ او تاتارا حیات آباد کو معطل کر دیا۔ سی سی پی او پشاور کو ڈاکٹروں کی سیکیورٹی کا جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹروں کے اغواء کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ حیات آباد اور ڈبگری سمیت ڈاکٹروں سے متعلق اہم مقامات کے لیے کوئیک رسپانس فورس اور حیات آباد کی چار دیواری فوری مکمل کی جائے۔