15 دسمبر ، 2013
تہران…ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کی طرف سے نا مناسب اقدامات کے باوجود جوہری پروگرام پر عالمی طاقتوں سے بات چیت جاری رکھیں گے ،سوشل میڈیا کی ایک ویب سائٹ پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ جاوید ظریف کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں امریکا کی جانب سے ایرانی جوہری پروگرام کی معاونت کرنے والے لوگوں اور کمپنیوں پر پابندی سے جنیوا معاہدے کو ٹھیس پہنچی ہے، تاہم امریکا کی جانب سے ان تمام غیرمناسب اور غیر تعمیری اقدامات کے باوجود ایران کی جانب سے دنیا کے لیئے اچھا پیغام دیا جائے گا اور ہم ایٹمی توانائی کے معاملے پرعالمی طاقتوں سے مذاکرات جاری رکھیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا جوہری پروگرام توانائی کے حصول اور تعمیری مقاصد کے لیئے ہے، جمعرات کو امریکا نے ایران سے کاروبار کرنے والی کچھ غیر ملکی کمپنیوں کے اثاثے منجمد کر کے ان کو بلیک لسٹ قرار دے دیا تھا۔