پاکستان
16 دسمبر ، 2013

پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

کراچی…سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دئیے ہیں کہ پرویز مشرف ای سی ایل سے نام نکلوانا چاہتے ہیں تو حکومت سے بات کریں۔ سندھ ہائی کورٹ میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نام نکالے جانے سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کررہے ہیں۔ اٹارنی جنرل منیراے ملک اور پرویز مشرف کے وکیل اے کیو ہالیپوٹا عدالت میں پیش ہوئے۔ اے کیو ہالیپوٹا کا کہنا تھاکہ سابق صدر کی والدہ بیمار ہیں اور وہ ان کی عیادت کیلئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، لیکن سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے پیش نظر حکومت نے انکا نام ای سی ایل میں ڈال رکھا۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیئے کے عدالت نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کوئی حکم نہیں دیا ہے۔ آپ ای سی ایل سے نام نکلوانا چاہتے ہیں تو حکومت سے بات کریں۔اس پر ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے اسی بینچ نے پرویز مشرف کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے تک ملک سے باہر جانے سے روکا تھا جبکہ پرویز مشرف تمام مقدمات میں ضمانت حاصل کرچکے ہیں۔اٹارنی جنرل منیراے ملک نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت بھی کارروائی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ کے اس بینچ کو درخواست کا اختیار سماعت حاصل نہیں ہے جبکہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست کا فیصلہ آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :