21 دسمبر ، 2013
لاہور…پنجاب میں اس سال بسنت کی اجازت ہوگی لیکن محدود، پتنگ کی ڈور حکومت خود فراہم کرے گی، یہ اعلان حمزہ شہباز نے آج پنجاب یوتھ فیسٹیول کے لوگو کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال فیسٹیول میں پچاس لاکھ لوگ آئیں گے، سو ورلڈ ریکارڈ ٹوٹیں گے۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے لوگو کی رنگا رنگ تقریبِ رونمائی لاہور ہاکی اسٹیڈیم میں ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے افتتاح کیا، یوتھ فیسٹیول 23 دسمبر کو شروع ہوگا ۔یہ کسی کی سالگرہ کی تقریب نہیں بلکہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے لوگو کی افتتاحی تقریب تھی جس میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے نیلا پردہ اٹھا کر لوگو کی رونمائی کی، اس موقع پر فضا میں رنگ برنگی پتیاں چھوڑی گئیں ،کھلاڑیوں کا جوش بھی قابل دید تھا۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ فیسٹیول میں 50 لاکھ کھلاڑی حصہ لیں گے اور 100 عالمی ریکارڈ بھی توڑے جائیں گے،بھارتی ٹیموں کی آمد سے دونوں ملکوں کے تعلقات پر مثبت اثرپڑے گا۔حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ صوبے میں 18 ہزار گراوٴنڈ کھنڈربن چکے ہیں، ان کی جگہ پلازے نہیں،کھیل کے میدان ہی آباد ہوں گے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بسنت کو یوتھ فیسٹیول کا حصہ بنائیں گے،نوجوان کھلاڑیوں کے لیے سپورٹس یونیورسٹی بھی قائم کریں گے۔پنجاب یوتھ فیسٹیول کا آغاز 23 دسمبر سے ہوگا جس کے تحت مختلف اضلاع میں کرکٹ،بیڈمنٹن،رسہ کشی،بلیرڈ،والی بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔