26 دسمبر ، 2013
کراچی … بلدیاتی الیکشن لڑنے کے لئے کراچی میں کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے ،بعض امیدواروں نے کاغذات نامزدگی پیچیدہ ہونے کا شکوہ کیا ہے۔بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنر زکے دفاتر میں کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کاغذات نامزدگی 29 دسمبر تک وصول کئے جائیں گے، 30 اور 31 دسمبرکوامیدواروں کی جانب سے اعتراضات داخل کرائے جاسکتے ہیں ۔ یکم سے پانچ جنوری 2014تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔6 اور 7 جنوری کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں جبکہ بلدیاتی الیکشن لڑنے کے خواہش مند امیدواروں کو انتخابی نشانات13جنوری کو الاٹ کیے جائیں گے۔چودہ جنوری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔ کراچی کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر زکے دفاتر میں صبح ہی سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا تاہم بعض امیدواروں نے کاغذات نامزدگی میں پیچیدگیوں کا شکوہ کیا اور بتایا کہ انہیں کاغذات پْر کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔