26 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ دوماہ تک نئی قومی سلامتی پالیسی مرتب کرلی جائے گی، افغان سرحد پر باڑ لگانے کی بجائے بارڈر مینجمنٹ کی جائے گی،افغانستان اور بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات اولین ترجیح ہے۔اسلام آباد میں ایک سیمینارسے خطاب میں مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز کاکہناتھاکہ 2 ماہ کے اندر ایک جامع قومی سلامتی پالیسی مرتب کر لی جائے گی، معاملات فوج کی بجائے سیاسی قیادت چلا رہی ہے۔ آپریشنل امور میں وہ خود مختار ہیں اور اپنے امور کو دیکھتے ہیں جبکہ پالیسی امور پر سیاسی قیادت اوپر ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ ایران کے ساتھ امریکی تعلقات میں بہتری اچھی پیشرفت ہے ، امید ہے اس کے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی مثبت اثرات ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام ممالک خطے میں امن کے خواہش مند ہیں۔ہم افغان سرحد پر بہتر بارڈر منیجمنٹ کر رہے ہیں ، وہاں باڑ نہیں لگانے جا رہے ، یہ قابل قبول بھی نہیں ہو گا۔ مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز نے واضح کیا کہ امریکا اور برطانیہ تسلیم کر چکے ہیں کہ پاکستان کا ایٹمی پراگرام محفوظ ہے ۔