02 جنوری ، 2014
اسلام آباد…غداری کیس میں پیشی کے لیے خصوصی عدالت جاتے ہوئے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو دل کی تکلیف ہوئی جس کے فوری بعد انہیں فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ان کو علاج کے لیے بیرون ملک بھجوانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو حاضری سے آج کے لیے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی عدالت میں عدم حاضری پر سابق صدر کے وارنٹ گرفتاری جاری نہ کرنے کا فیصلہ سنادیا۔ بیماری کے باعث آج کے دن پیشی سے بھی استثنیٰ دے دیا گیا۔ مقدمے کی مزید سماعت آئندہ پیر کو ہو گی۔ سابق صدرپرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی عدالت میں عدم حاضری پر حکم جاری کرتے ہوئے سابق صدر کو صحت کی خرابی کے باعث آج کے لیے عدالت میں پیشی سے استثنیٰ دے دیا۔ پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے عدالت سے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔ پرویز مشرف عدالت پیشی کے لیے آتے ہوئے دل کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد انہیں آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزز منتقل کر دیا گیا تھا۔