29 مارچ ، 2012
راولپنڈی … راولپنڈی میں سپر ایٹ ٹی 20 چیمپئن شپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں روزانہ 2میچز کھیلے جا رہے ہیں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور فیلڈنگ کوچ جولین فاوٴنٹین کے ہمراہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے ارکان سلیم جعفر اور اظہر خان بھی اس ایونٹ میں موجود ہیں جن کے ساتھ ڈیو واٹمور کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تبادلہٴ خیال کرتے نظر آتے ہیں۔ ستمبر میں سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے اس ایونٹ میں کوچ ڈیو واٹمور کی موجودگی کو بہت اہم قرار دیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کی سلیکشن میں ان کی رائے کو خصوصی اہمیت دی جائے گی، قومی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم میں کوچ سے ملاقات بھی کی ہے۔