07 جنوری ، 2014
نیویارک…ریاست مونٹانا میں کم سے کم درجہٴ حرارت منفی 53 ریکارڈ کیا گیا۔منفی 53ڈگری میں کیسا محسوس ہوتا ہے؟ امریکا کی وسطی ریاستوں میں سردی کے پرانے پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ ہزاروں پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں اور حادثات میں 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔امریکا کی وسطی اور مشرقی ریاستیں ٹھٹھرا دینے والی ہواوٴں اورشدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں، متعدد علاقوں میں خراب موسم کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ کئی عشروں بعد ریکارڈ برفباری نے نظام زندگی کو منجمد کر دیا ہے۔ تعلیمی ادارے، دفاتر اور آمدورفت کے زمینی و فضائی نظام خراب موسم کے باعث شدید متاثر ہیں۔ گزشتہ دو روز کی برفباری سے کئی علاقے دو فٹ برف سے ڈھک چکے ہیں۔ ریاست مونٹانا میں کم سے کم درجہٴ حرارت منفی 53، ریاست منی سوٹا میں منفی48 جبکہ درجہ حرارت منفی26 تک گرنے سے شکاگو میں سردی کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ مقامی حکام نے خون جما دینے والی سردی کے نقصانات سے بچنے کے لیے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔