29 مارچ ، 2012
اسلام آباد … پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین شفقت عباسی نے کہا ہے کہ کونسل کے قیام کا مقصد میڈیا کو دبانا نہیں بلکہ اسے مزید آزادی دینا اور قواعد وضوابط کا پابند بناناہے۔ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شفقت عباسی نے کہا کہ پریس کونسل نہ صرف میڈیا کے مسائل ، حکومت یا اداروں کی مداخلت اور دباوٴکی شکایات کا ازالہ کرے گی بلکہ عوام کے میڈیا کے خلاف تحفظات کے ازالے کا بھی فورم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکایات پر تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن قائم کیا جائے گا، میڈیا کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے آزادی کے ساتھ عوام کو حقائق بتانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کونسل ازخود نوٹس بھی لے سکتی ہے، کراچی میں جیو نیوز کے دفتر پر فائرنگ اور روزنامہ جنگ کی کاپیاں جلانے کے حالیہ واقعے کی چیف سیکریٹری اور ہوم سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پریس کونسل انکوائری کے بعد متاثرہ فریق کو 10ہزار روپے معاوضے کی ادائیگی کا حکم دے سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک انتظامی امور چلانے کیلئے پریس کونسل نے 4 کمیٹیز اور ایک انکوائری کمیشن تشکیل دیاہے ۔