11 جنوری ، 2014
کراچی…سی این جی کی بندش پر کراچی میں ٹرانسپورٹرز نے آج سے غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال کا اعلان کردیا۔ ایک سی این جی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی حمایت کی ہے جبکہ دو تنظیموں نے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی کی تواتر کے ساتھ بندش کے باعث ٹرانسپورٹ مالکان نے آج سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ان سے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں کی بنیاد پر کرائے لیے جاتے ہیں لیکن ہڑتال سی این جی کی وجہ سے کی جارہی ہے۔ کرائے بھی شہری زیادہ بھریں اور ہڑتال کی وجہ سے پریشانی کا سامنا بھی انہیں کرنا پڑے۔ حکومت اس معاملے کا نوٹس لے اور شہریوں کو پریشانی سے بچائے۔ دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون نے ٹرانسپورٹرز کی حمایت کرتے ہوئے خود بھی غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، تاہم پٹرولیم اینڈ سی این جی ڈیلرز اور سی این جی اسٹیشنز اونرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔