پاکستان
20 جنوری ، 2014

صدر،وزیر اعظم سمیت مختلف راہنماؤں کی راولپنڈی حملے کی مذمت

صدر،وزیر اعظم سمیت مختلف راہنماؤں کی راولپنڈی حملے کی مذمت

اسلام آباد…صدر ممنون حسین ،وزیر اعظم نواز شریف سمیت مختلف قومی رہنماوں نے راولپنڈی خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔صدر ممنون حسین اوروزیر اعظم نواز شریف نے راولپنڈی آراے بازارخود کش حملہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے،انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے گھرانوں سے ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کی دعا کی۔ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے آراے بازاردھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا کی ہے۔ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین نے آراے بازاردھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سیاسی و عسکری قیادت سے مطالبہ کیا کہ مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کا جلد فیصلہ کیاجائے ورنہ روز،روز کے دھماکوں سے عوام میں مایوسی ، بددلی پھیلے گی۔انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے جاں بحق کے درجات کی بلندی اورزخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہرایک کو طالبان کو دشمن کی حیثیت سے تسلیم کرنا چاہیے،طالبان امن مذاکرات میں نہیں خون بہانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حیرت ہے کچھ طالبان کے ہمدرد لوگ دیگر ممالک کی جانب سے طالبان کو استعمال کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔ امیرجماعت اسلامی منورحسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بھی راولپنڈی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید نے بھی راولپنڈی دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ اسلام سمیت کوئی مذہب دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کی کوئی پالیسی نہیں اور حکومت امن وامان کے قیام میں ناکام ہوگئی ہے۔وزیر قانون پنجاب راناثناء اللہ نے بھی آراے بازار دھماکے کی مذمت کی ہے،پنجاب کے صوبائی وزیرراجا اشفاق نے خودکش حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس کیاہے۔

مزید خبریں :