20 جنوری ، 2014
اسلام آباد…پاکستان نے کہا ہے کہ شکیل آفریدی پاکستانی شہری ہے جس پر ملکی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے، لہذا اسکے ساتھ پاکستان کے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ دفترخارجہ نے پیر کو اپنے بیا ن میں کہا ہے کہ پاکستانی امداد روکنے سے متعلق امریکی بل پر مایوسی ہوئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی بل میں 33 ملین ڈالر امداد روکنے کی تجویز سے مایوسی ہوئی،انھوں نے کہا کہ شکیل آفریدی کی گرفتاری کے سلسلے میں یہ امداد روکنے کی تجویز مایوس کن ہے ۔امید ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ بل کے تحت پاکستان کیلیے امداد مختص کرنے کا عمل شروع کرے گا۔انھوں نے کہا کہ شکیل آفریدی کے عمل سے ملک میں پولیو مہم کو نقصان پہنچا،ڈاکٹر شکیل آفریدی کا معاملہ عدالت میں ہے، اسکے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہوگا، ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ شکیل آفریدی کیس کے ساتھ امریکی امداد مشروط کرنا باہمی تعاون کی روح کے مطابق نہیں،تاہم انھوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا قریبی تعاون پر مبنی تعلقات کے لیے کوشاں ہیں۔