پاکستان
21 جنوری ، 2014

مری،ایبٹ آباد ،زیارت اور استور میں برف باری کا سلسلہ جاری

مری،ایبٹ آباد ،زیارت اور استور میں برف باری کا سلسلہ جاری

مری…مری ،ایبٹ آباد ،زیارت اور استور میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچ رہی ہے۔ مری کے خوبصورت مناظر ایک بار پھر برف سے ڈھک گئے ہیں ، برف کے نرم ملائم گالوں اور بارش کی بوندوں کے ملاپ نے سردی کی شدت تو بڑھا دی ہے مگر سیاح اس موسم کو بھی خوب انجوائے کر رہے ہیں،ایبٹ آباد میں رم جھم بارش نے موسم سہانا کردیا جبکہ نتھیا گلی میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو ا تو سردی میں بھی اضافہ ہوگیا۔زیارت میں بھی وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہیں،استور کی وادیوں میں بھی ہر طرف برف ہی برف نظر آتی ہے۔مظفر آباد میں وادی نیلم میں موسلادھار بارش کو لوگوں نے خوب انجوائے کیا، دیگر بالائی علاقوں میں بھی سردی کا ڈیرا جما ہوا ہے۔بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے اور لوگ گرم کپڑوں اور گرم غذاوٴں کا بھرپور استعمال کررہے ہیں۔پنجاب اور سندھ کے بیش تر شہروں میں دن کو تو سردی کم ہوتی ہے مگر رات ہوتے ہی ٹھنڈ بڑھ جاتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر،گلگت بلتستان ،گوجرانوالہ،سرگودھا،لاہور،مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویڑن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 10 استور منفی 07 اور ہنزہ میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکاڑد کیا گیا۔

مزید خبریں :