22 جنوری ، 2014
ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہخصوصی… ڈیلس ڈاؤن ٹاؤن میں عظیم الشان سالانہ عید میلاد النبی پریڈ کا اہتمام کیا گیا، مدینہ مسجد آف کیرلٹن‘ مکہ مسجد گارلینڈ‘ برکات القرآن سینٹر اورنگ‘ امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس‘ پاکستان امریکن ایسوسی ایشن (PAAT) اور میمن ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ تقریبمیں ڈیلس شہر کے میئر مائیک رولنگز اور ڈیلس کاؤنٹی کی پولیس شیرف لوپے والیداس سمیت سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔‘ پریڈ کی صدارت پاکستان سے آئے ہوئے معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر جمیل راٹھور نے کی۔ میلاد پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے میئر ڈیلس مائیک رولنگز نے کہاکہ ڈیلس شہر پوری دنیا سے آنے والے افراد کیلئے کشش رکھتا ہے کیونکہ یہ ملٹی کلچرل سٹی ہے جہاں پر ہر چیز کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حضورﷺ کی ولادت کے موقع پر میں آپ کو اہلیان ڈیلس اور ڈیلس کونسل کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کے مسائل اور خواہشات ایک جیسی ہیں کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کیلئے ایک بہتر ملک اور شہر چھوڑ کر جائیں۔ اس موقع پر پولیس شیرف لوپے والیداس نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیلس چونکہ ملٹی کلچرل سٹی ہے اس لئے ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے رسم و رواج کو سمجھیں تاکہ تمام مختلف کمیونٹیز کے افراد ایک دوسرے کے قریب آئیں ۔انہوں نے کہاکہ آپ امن چاہتے ہیں اور یہی ہمارا مشن ہے۔ پاکستان سے آئے ہوئے ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر جمیل راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرا اور آپ کا یہ کامل یقین ہے کہ اس میلاد پریڈ کو حضورﷺ خود دیکھ رہے ہوں گے اور جب روز قیامت ان سے ہمارا سامنا ہو گا تو وہ ضرور ہماری شفاعت کی سفارش کریں گے، انہوں نے کہاکہ آج میلاد پریڈ میں شامل ہونے والے مرد و خواتین اور بچے انتہائی خوش قسمت ہیں جن کو اللہ نے یہ موقع عطا کیا۔ مذکورہ میلاد پریڈ میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ عراق‘ سوڈان‘ صومالیہ‘ کردش اور برمی کمیونٹی نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ پریڈ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا حافظ صائم ذکی نے تلاوت کی جبکہ میلاد کمیٹی کی جانب سے محمد عبدالرحمن اور حوریہ بابر نے میئر ڈیلس اور پولیس شیرف کوگلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر مذہبی اسکالر ڈاکٹر جمیل راٹھور نے اظہار تشکر کے طور پر میئر ڈیلس مائیک رولنگز اور پولیس شیرف لوپے والیداس کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔ پریڈ میں نظامت کے فرائض ڈیلس کے معروف عالم دین علامہ بابر رحمانی نے انجام دئیے انہوں نے پریڈ کو کوآرڈینیٹ بھی کیا۔ میلاد پریڈ سٹی ہال سے شروع ہو کر مارول اسٹریٹ اورینگ اسٹریٹ سے ہوتی ہوئی واپس سٹی ہال پر اختتام پذیر ہوئی۔ میلاد پریڈ کے دوران مختلف نوجوان مسلم بچے اور بچیوں نے نبی آخر الزماں حضرت محمدﷺکی ذات اقدس پر بعنوان ”حضورﷺ عالمین کیلئے رحمت ہیں“ کے موضوع پر انگریزی میں تقاریر بھی کیں۔ پریڈ میں ڈیلس شہر کے مختلف علماء کرام‘ ثناء خوانوں اور رضاکاروں نے شرکت کی جس میں علامہ سراج مصباحی‘ قاری فضل رسول‘ قاری عقیل نبی‘ حبیب ایوب‘ شاہ جہاں‘ محمود الحسن‘ ڈاکٹر زبیر فتانی‘ غلام جہانگڑا‘ ڈاکٹر عقیل‘ ڈاکٹر ناصر‘ ڈاکٹر عامر سلیمان‘ ڈاکٹر جاوید اجمل‘ شعیب خان‘ بشیر نیوایوالہ‘ مشتاق حبیب‘ حاجی قاسم‘ اقبال حسن‘ معز حسن‘ ملک اکرم‘ پرویز عالم‘ اشفاق عزیز‘ اشفاق احمد‘ شکیل ابراہیم‘ الطاف نور‘ خاور عباس‘ امتیاز جان اور دیگر مقتدر شخصیات شامل تھیں۔ اس موقع پر میلاد کمیٹی کے روح رواں علامہ بابر رحمانی نے غلام جہانگڑا‘ سید فیاض حسن اور راجہ زاہد خانزادہ کی کاوشوں کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جبکہ انہوں نے تمام شرکائے میلاد پریڈ سے بھی اظہار تشکر کیا ،جنہوں نے دو ماہ کی انتھک کاوشوں سے اس عظیم الشان میلاد پریڈ کو کامیاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر شرکاء میں نیاز و لنگر بھی تقسیم کیا گیا اور نماز ظہر اور عصر بھی وہیں پر ادا کی ۔ میلاد پریڈ کے دوران تمام شرکاء باآواز بلند حضورﷺ پر صلوٰة و سلام پڑھتے رہے اور نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالتﷺ بلند کرتے رہے اور اس کے ذریعے اپنی بھرپور خوشی کا اظہار کرتے رہے۔