پاکستان
22 جنوری ، 2014

زبانی ہمدردی کے بجائے پولیو ورکزکوتحفظ فراہم کیاجائے،الطاف حسین

 زبانی ہمدردی کے بجائے پولیو ورکزکوتحفظ فراہم کیاجائے،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اپنی جانوں پر کھیل کر بچوں کوپولیوسے بچاوٴکے قطرے پلانے والے پولیوورکرز سے مکمل ہمدردی اوریکجہتی کااظہارکیاہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران کراچی میں مختلف واقعات میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 9 پولیوورکرزشہیدہوچکے ہیں۔ گزشتہ روزبھی کراچی میں پولیوورکرزکودہشت گردی کانشانہ بنایا گیاجس میں ایک رضاکاراوردوخواتین سمیت تین پولیوورکرزکوبیدردی سے شہید کردیاگیاجبکہ آج چارسدہ میں بھی پولیو ورکرزکو نشانہ بنایاگیا، یہ پولیوورکرزاپنی مجبوری کے عالم میں محض200روپے کے عوض معصوم بچوں کوپولیوسے بچاوٴکے قطرے پلانے کیلئے اپنی جانوں کوخطرے میں ڈال رہے ہیں مگریہ امرانتہائی افسوسناک ہے کہ ان پولیوورکرزکو حکومت کی جانب سے کسی قسم کاتحفظ فراہم نہیں کیاجارہاہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں پولیو ورکرز نے اپناکام بندکرنے اوراحتجاج کرنے پر مجبورہوگئے ہیں ۔انھوں نے چارسدہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہیدہونے والے پولیوورکرزکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیا۔ الطا ف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ دہشت گردی کانشانہ بننے والے پولیوورکرز کے لواحقین سے زبانی ہمدردی کے دوبول بولنے کے بجائے پولیوورکزکوتحفظ فراہم کیاجائے اورانہیں کھلے عام دہشت گردی کانشانہ بنانے والے، مساجد،تبلیغی اجتماعات پر بموں کے دھماکے کرنے والے، معصوم زائرین کی بسوں پر خودکش حملے کرنے اورفوجی چھاوٴنیوں اورشہروں میں دھماکے کرکے معصوم شہریوں اور فوجی جوانوں کوشہید کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔دریں اثناء الطاف حسین نے چارسدہ میں سرڈھیری بازارمیں پولیس وین کے قریب بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے دھماکے کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکاروں کے شہید وزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ پولیس ،سیکوریٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو سفاک دہشت گردکھلی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں تاہم اس کے باوجود حکومت اور قومی سلامتی کے ادارے ملک و قوم کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے نہ تو کوئی ٹھوس لائحہ عمل ، منصوبہ بندی ، حکمت عملی مرتب کرسکے ہیں اور نہ ہی اپنی سمت کا تعین کرسکے ہیں اس گو ماگوں کی صورتحال میں مایوسیوں کا جنم لینا اور بد گمانیوں کا پیدا ہونا فطری عمل ہے ۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے سو گوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کر تے ہوئے انہیں صبرکی تلقین اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔

مزید خبریں :