24 جنوری ، 2014
کوئٹہ…کوئٹہ میں وفاقی وزرا چودھری نثار اور پرویز رشید کے ہزارہ عمائدین اور دیگر شیعہ رہنماوٴں سے مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ہزارہ برادری نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا، مستونگ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تدفین آج صبح 10بجے کی جائے گی،، وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان اور پرویز رشید وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ ہزارہ عمائدین اور شیعہ اکابرین سے ملاقات اور اظہار یکجہتی کے لئے علمدار روڈ پہنچے جہاں امام بارگاہ نیچاری میں مذاکرات ہوئے، تقریبا ًایک گھنٹہ مذاکرات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے پہلے میڈیا اور پھر دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ہزارہ برادری کے ساتھ کیے گئے ظلم کا بدلہ لیا جائے گا، دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے، وہ بچ نہیں سکتے۔ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی ویر داخلہ کی یقین دہانیوں کے بعد وہ احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں، صبح 10 بجے مستونگ دھماکے کے شہدا کی تدفین کردی جائے گی۔ حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعدمجلس وحدت مسلمین نے بھی کراچی سمیت ملک بھر میں دھرنے ختم کر دیئے۔رات گئے کراچی کے علاقے نمائش چورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں دیے جانے والے دھرنے ختم کردیئے گئے۔لاہور،ملتان،فیصل آباد، مظفرگڑھ، بہاول پوراور ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی دھرنے پر بیٹھے لوگ پر امن طورپر منتشر ہوگئے۔ پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں سمیت گلگت بلتستان میں اسکردو اور گلگت میں بھی دھرنے ختم کردیے گئے۔