پاکستان
24 جنوری ، 2014

مشرف کی میڈیکل رپورٹ آج خصوصی عدالت میں پیش کرنے کا امکان

مشرف کی میڈیکل رپورٹ آج خصوصی عدالت میں پیش کرنے کا امکان

اسلام آباد…سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی اہم سماعت آج کی جائے گی ، ملزم عدالت میں پیش ہونے کے قابل ہے یا نہیں ، اے ایف آئی سی کے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ 16جنوری کو جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے ملزم پرویز مشرف کی صحت سے متعلق استغاثہ اور وکلاء صفائی کے متضاد دلائل کے بعد حکم دیا تھا کہ اے ایف آئی سی کے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے جس کی رپورٹ 24 جنوری کو پیش کی جائے ۔عدالت نے اپنے حکم میں ملزم پرویز مشرف کی صحت کے بارے میں 3 سوالات کے جواب مانگے تھے۔پہلا یہ کہ ملزم کی حالت کتنی نازک ہے جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ؟دوسرا یہ کہ کیا ملزم کی کوئی ہارٹ سرجری ہوئی یا اب تجویز کی گئی ہے ؟تیسرا سوال یہ تھا کہ ملزم کو کتنے عرصہ تک اسپتال میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔استغاثہ کے سربراہ اکرم شیخ نے دلائل میں مطالبہ کیا تھا کہ جب تک ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوتا ،اس کے وکلاء کو شنوائی کا حق نہ دیا جائے اور ملزم کی حراست کو ریگولیٹ کیا جائے ۔عدالت نے اس پر کہا تھا کہ اس حوالے سے فیصلہ میڈیکل رپورٹ کے جائزے کے بعد دیا جائے گا۔

مزید خبریں :