24 جنوری ، 2014
لاہور…لاہور میں اقبال ٹاوٴن پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ ساندہ،گلشن راوی اور بند روڈ کے علاقے میں سرچ آپریشن کر کے 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔پولیس کے مطابق دہشت گردی کی موجودہ لہر کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ، ساندہ پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ بند روڈ کی ملحقہ آبادیوں میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا جس میں خاص طور پر کرائے پر مقیم افراد کے کوائف کی پڑتال کی گئی اور اپنی شناخت تسلی بخش نہ کرانے والے 20 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، پولیس نے مقامی افراد کو بھی ہدایت کی ہے کہ اپنا مکان یا دکان کرائے پر دینے قبل کرائے دار کے کوائف کا اندراج مقامی پولیس اسٹیشن میں ضرور کرائیں بصورت دیگر دونوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔