27 جنوری ، 2014
چارسدہ…اسفند یارولی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں طالبان سے مذاکرات پر کنفیوژن کا شکار ہیں۔ چارسدہ میں اے این پی کے جلسے سے خطاب میں اسفند یار ولی نے کہا کہ سال 2014 پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے، وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ افغانستان سے متعلق خارجہ پالیسی سے نا صرف آگاہ کیا جائے بلکہ اعتماد میں بھی لیا جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے اے پی سی میں حکومت کو مینڈیٹ دیا تھا لیکن دہشتگردی اور بے امنی نے ہر شعبہ زندگی کوتباہ کردیا،کسی کی جان و مال محفوظ نہیں، حکمران کنفیوژ ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ نیٹو سپلائی کراچی اور پنجاب سے گزر کر خیبرپختونخوا میں آتی ہے، یہاں پر نیٹو سپلائی روک کر عالمی برادری کو پیغام دیاجارہاہے کہ پاکستان میں پختون انتہا پسند قوم ہے، انتخابات سے قبل تین مہینوں میں عوامی مسائل حل کرنے کا دعویٰ کرنیوالوں نے عوام کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک باچاخان کے پیروکار زندہ ہیں کالا باغ ڈیم نہیں بنایا جاسکتا۔