28 جنوری ، 2014
دبئی …پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے دبئی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان کے خصوصی سفیر سرمایہ کاری جاوید ملک نے چار تجارتی وفود پاکستان لے جانے کااعلان کیا۔ جاوید ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کی اقتصادی سفارت کاری کی پالیسی پرعمل کرتے ہوئے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ تقریب میں 25 سے زائد ملکوں کے تاجر رہنما اور سفارت کار شریک تھے۔ سرمایہ کاری کے خصوصی سفیر جاوید ملک نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے سنہری مواقع موجود ہیں، وزیر اعظم سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کرنے پر یقین رکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر تفصیلی پریزنٹیشن بھی پیش کی۔