29 جنوری ، 2014
جہلم…آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا ہی امن کی ضمانت ہے، جنگی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جہلم کے قریب ٹلہ رینج کا دورہ کیاجہاں انہوں نے ٹلہ رینج میں حقیقی جنگی ماحول میں مشقوں کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر فیلڈ کمانڈرز نے آرمی چیف کو مشقوں کے مقاصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیا۔ جنگی مشقوں میں لاہورکور اور پاک فضائیہ کے طیاروں نے حصہ لیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خطرات سے نمٹنے اور جنگی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ہرممکن وسائل استعمال کیے جائیں گے، آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا ہی امن کی ضمانت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جنگی مشقوں کے دوران تربیت کے اعلیٰ معیار اور ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت کوسراہا۔ اس سے قبل ٹلہ رینج پہنچنے پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نویدزمان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔