پاکستان
30 جنوری ، 2014

ہفتے کوالطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے پروگرام ہوگا،خالد مقبول/فاروق ستار

ہفتے کوالطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے پروگرام ہوگا،خالد مقبول/فاروق ستار

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہفتے کوقائد تحریک الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے پروگرام ہوگا،الطاف حسین سے اظہاریکجہتی کیلئے پروگرام میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر شرکت کرے گا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نائن زیرو پراظہار یکجہتی کے لیے جمع ہونے والے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ الطاف حسین کیخلاف میڈیا ٹرائل پاکستان کیخلاف سازش ہے، الطاف بھائی پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہیں، پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کیا جا رہا ہے، میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف بھائی نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہم آزاد میڈیا کے حامی ہیں، اگر میڈیا نے برطانیہ میں عدالت سجائی تو ایک عدالت پاکستان میں سجے گی، الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی ساکھ کو متاثر کرنے کے لیے ڈاکیومنٹری پیش کی گئی۔ اس موقع پر متحدہ قوم موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر خالدمقبول صدیقی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین نے جو قافلہ تیار کیا ہے وہ نظریاتی ہے، الطاف حسین کا پیغام پھیل رہا ہے اور پھیلتا جائے گا۔ خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ عوام ایم کیو ایم سے دور ہوسکتے ہیں لیکن الطاف حسین سے نہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان کو بنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان پاکستان کو بچائیں گے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں نے زونل آفس کے باہر الطاف حسین کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔

مزید خبریں :