01 فروری ، 2014
لاہور…پاکستانی کرکٹر عمر اکمل کو لاہور میں پولیس سے الجھنا مہنگا پڑ گیا ۔ لیکن یہ پہلا موقع نہیں کہ کوئی کرکٹر فیلڈ سے باہر کسی سے الجھا ہو۔ یا کسی پر ہاتھ اٹھایا ہو۔ اس سے قبل بھی کرکٹرز کے آپے سے باہر ہونے کی کئی مثالیں موجود ہیں۔گزشتہ سال برمنگھم میں آسٹریلین کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے انگلش کرکٹر جو روٹ پر ایک نائٹ کلب میں ہاتھ اٹھایا جس کے بعد ڈیوڈ وارنر کو آسٹریلین ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔ جنوبی افریقی کرکٹر مکھایا اینتینی اپنی گرل فرینڈ پر ہاتھ اٹھانے کے جرم میں حوالات کی ہوا کھا چکے ہیں۔ سال 2010ء میں بھارتی ٹیم کے 6کرکٹرز ایک نائٹ کلب میں کچھ بھارتی فینز سے الجھ پڑے اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا تھا۔ آسٹریلیا کے کرکٹر لیوک پرومرسباخ کو کولکتہ میں امریکی خاتون سے بدتمیزی اور ان کے دوست پر تشدد کے الزام میں جیل کی ہوا کھانا پڑ ی تھی۔ دو سال قبل ڈومیسٹک سیزن کے دوران پاکستانی کرکٹر محمد سمیع ہوٹل کی لابی میں ایک ساتھی کرکٹر سے الجھ پڑے۔ ہوٹل انتظامیہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن سے معاملہ کی باضابطہ شکایت بھی کی تھی۔