پاکستان
03 فروری ، 2014

سپریم کورٹ میں پروین رحمان قتل کیس کی سماعت

 سپریم کورٹ میں پروین رحمان قتل کیس کی سماعت

اسلام آباد…سپریم کورٹ نے سماجی کارکن پروین رحمان قتل کیس میں ڈسٹرکٹ سیشن جج ایسٹ غلام مصطفی میمن کو معاملے کا جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزاروں کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر اور سماجی کارکن پروین رحمان قتل کیس کی سماعت کی۔ سندھ پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ پروین رحمان کے قتل میں ملوث ایک شخص پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ مرنے کے بعد کیسے پتہ چلا کہ وہی قاتل تھا اور پروین رحمان کو قبضہ مافیا نے قتل کیا ہے، کیا اس پر تفتیش کی گئی ؟ اور قبضہ مافیا کے وہ لوگ کون ہیں؟جس پر سندھ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ اس شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا، مرنے سے پہلے اس نے بیان دیا تھا۔ تفتیش کرنے پر قبضہ مافیا کے ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔ کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

مزید خبریں :