04 فروری ، 2014
اسلام آباد…قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے طالبان کمیٹی میں عمران خان کے نام کو خوش آئند قرار دیا، تو شاہ محمود قریشی مخالف نظر آئے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مذاکراتی عمل کی کامیابی پر دعا گو ضرور ہوں،لیکن اس کا حصہ نہیں۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ طالبان نے اپنی مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کا نام شامل کرلیا جس سے پارلیمنٹ کی نمائندگی بھی ہوجائے گی اور مذاکرات میں بھی جان پڑ جائے گی۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی بولے کہ عمران خان تحریک طالبان کی نمائندگی نہیں کرسکتے، تحریک طالبان نے نام دینے ہیں تو اپنے نمائندوں کے نام پیش کرے۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا چونکہ مذاکراتی عمل پر ان سے مشاورت نہیں کی گئی، اس لیے وہ اس کا حصہ بننے سے معذرت کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی دعاگو ہیں کہ یہ عمل کامیاب ہو۔ قومی اسمبلی کا اجلاس طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل اور انسداد دہشت گردی کے دو ترمیمی بلوں پر بحث کے بعد منگل کی صبح تک ملتوی کردیا گیا۔